بھارت میں ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف 25 ممالک میں مظاہرے،انصاف کا مطالبہ

97
India
India

لندن ۔9ستمبر (اے پی پی):بھارت کے شہرکلکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف دنیا بھر کے 25 ممالک کے 130 سے زائد شہروں میں انڈین کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ رائٹرز کے مطابق یہ مظاہرے اتوار کو جاپان، آسٹریلیا، تائیوان اور سنگاپور میں شروع ہوئے اور کئی یورپی ممالک کے شہروں تک پھیل گئے۔

سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں منعقدہ مظاہرے میں سیرگلز ٹورگ سکوائر میں سیاہ لباس پہنے خواتین کی بڑی تعداد جمع ہوئی جنہوں نے بنگالی زبان میں گیت گائے اور جرم کی جواب دہی اور انڈین خواتین کے لیے تحفظ کا مطالبہ کیا۔عالمی احتجاج کی ایک منتظم دیپتی جین نے کہا کہ ’ڈیوٹی کے دوران ایک نوجوان ٹرینی ڈاکٹر پر کیے گئے اس گھناؤنے جرم کی خبر سے ہم میں سے ہر کوئی بے حسی، سفاکیت اور انسانی زندگی کی بے توقیری پر صدمے میں ہے۔

دیپتی جین ، جو اب برطانوی شہری ہیں اور کلکتہ نیشنل میڈیکل کالج اور ہسپتال کی سابق طالبہ ہیں، نے گزشتہ ماہ برطانیہ میں خواتین ڈاکٹروں کے احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔