اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام ویڈیو لنک پرایک بین الاقوامی کشمیر پارلیمانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پارلیمانی کانفرنس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر سید فخر امام تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی۔کانفرنس میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قومی اسمبلی ، سینیٹرز ، سفارتکاروں ،بین الاقوامی مندوبین ، حریت کانفرنس اور انسانی حقوق کے رہنماوں نے شرکت کی۔
سید فخر امام نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے باوجود مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیر یوں کے حق خود ارادیت پر پاکستان کی پوری قوم متفق ہے۔
انہوں نے کہاکہ مودی نے 5اگست کا اقدام کرکے آزادی کے لئے کشمیریوں کی آواز کو کچلنے کی کوشش کی لیکن کشمیریوں نے ثابت کیا کہ ان کے جذبے کو کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان ،سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور ، سینیٹر طلحہ محمود ، برطانیہ سے آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراھم ،برطانیہ کی شیڈو وزیر بیرسٹر یاسمین قریشی ، شریک چیئر کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر پال برسٹو ، شیڈو وزیر ناز شاہ ، شیڈو وزیر دفاع خالد محمود، شریک چیئر کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر جیمز ڈیلی، کنوینر لیبر فرینڈز آف کشمیر لارڈ واجد خان کے علاوہ حریت رہنما سید فیض نقشبندی ، مقبوضہ کشمیر سے انٹر نیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو ، صدر یوتھ پارلیمنٹ پاکستان عبیدالرحمن قریشی ، تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، تحریک حق خود ارادیت یوتھ کے چیئرمین ذیشان عارف، تحریک حق خود ارادیت نارتھ آف انگلینڈ سے نغمانہ کنول شیخ ،لندن سے خدیجہ کیانی ،انسانی حقوق کی کارکن ڈاکٹر سعدیہ خان اور دیگر نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس کے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم وبربریت اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے لئے ایک آزمائشی کیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق مکمل طورپرمعطل ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے اور مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں روکنے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔
جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے شرکاءکو کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ جبر سے کشمیریوں کے حوصلے پست کئے جائیں لیکن کشمیری اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ شرکاءنے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی کوششوں کو سراہا۔