بھارت نے مقبوضہ وادی کو منی انڈیا میں بدلنے کیلئے دنیا کا بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے، پاکستانی حکومت کی طرف سے بھارتی مظالم کے خلاف ڈوزیئررپورٹ پیش کرنے کا خیرمقدم کرتی ہوں،حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک

مشعال ملک کی حریت رہنما الطاف شاہ کی تہاڑ جیل میں دوران حراست وفات پر مودی حکومت پر کڑی تنقید

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے پاکستانی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلح بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف تفصیلی ڈوزیئر رپورٹ عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کے سخت اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈوزیئر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں، عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور دیگر ادارے مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کی طرف سے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے سمیت دیگر غیرقانونی اقدامات کا نوٹس لے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مسلح بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر بدترین مظالم، خواتین کے ساتھ زیادتی، تشدد اور نوجوان کشمیریوں کو شہید کرنے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری ہر قیمت پر اپنی آزادی کی جدوجہد کی تحریک کو جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔

مشال ملک نے کہا کہ ظالم بھارت نے مقبوضہ وادی کو منی انڈیا میں بدلنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں دنیا کا بدترین اور طویل کرفیو نافذ کر رکھا ہے، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارتی حکومت کو جوابدہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت کی تحریک کو بھرپور سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام عالمی فورمز پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کر رہا ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے کیلئے میرے شوہر یاسین ملک سمیت دیگر کشمیری قیادت کو نظربند کر رکھا ہے۔