کوہلی اور راہانے کیویز باﺅلرز کے سامنے چٹان بن گئے، بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 267 رنز بنا لئے
کوہلی اور راہانے نے چوتھی وکٹ میں 167 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی، کوہلی 103 اور راہانے 79 رنز بنا کر ناقابل شکست، بولٹ، سینٹنر اور پٹیل کی ایک، ایک وکٹ
انڈور ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) ویرات کوہلی کی شاندار سنچری اور اجنکیاراہانے کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا لئے، کوہلی 103اور راہانے 79 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، 100 رنز پر ابتدائی تین وکٹیں کھونے کے بعد کپتان کوہلی اور راہانے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 167 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسی دوران کوہلی نے اپنی سنچری اور راہانے نے نصف سنچری مکمل کی۔ راہانے کیریئر کی آٹھویں سنچری سے صرف 21 رنز کی دوری پر ہیں، بولٹ، سینٹنر اور پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔