بھارت نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی، سوریا کمار پلیئر آف دی میچ قرار

141
بھارت/ ویسٹ انڈیز
بھارت نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی، سوریا کمار پلیئر آف دی میچ قرار

گیانا۔8اگست (اے پی پی):بھارت نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی، ویسٹ انڈیز کا 160 رنز کا ہدف بھارت نے 18ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، سوریا کمار یادیو کو بہترین پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، ویسٹ انڈیز کو پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

منگل کو گیانا میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اوپنر برینڈن کنگ نے 42 اور کپتان روومین پاول نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ کائل میئرز 25 اور نکولس پوران 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارتی سپنر کلدیپ یادیو نے 28 رنز کے عوض 3 جبکہ اکشر پٹیل اور مکیش کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت نے ویسٹ انڈیز کا 160 رنز کا ہدف سوریا کمار یادیو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 18ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ سوریا کمار یادیو نے 44 بالوں پر 83 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں۔ تلک ورما 49 اور کپتان ہارڈک پانڈیا 20 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کے بائولر الزاری جوزف نے 2 اور اوبد میک کوئے نے ایک وکٹ حاصل کی۔