بھارت نے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی

61
بھارت نے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی
بھارت نے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی

احمد آباد۔20مارچ (اے پی پی):بھارت نے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 224 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ کپتان ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 80 اور روہیت شرما نے 64 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنا سکی۔ ڈیوڈ میلان اور جوز بٹلر نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

ہفتہ کو احمد آباد میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ بھارت نے کپتان ویرات کوہلی اور روہیت شرما کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے۔

ویرات کوہلی نے 52 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ روہیت شرما نے 34 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں ہارڈیک پانڈیا (ناٹ آئوٹ) 39 اور سوریا کمار یادیو 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عادل راشد اور بین سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز ہی بنا سکی۔

ڈیوڈ میلان اور جوز بٹلر نے دوسری وکٹ میں 129 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ڈیوڈ میلان نے 46 گیندوں پر 68 اور جوز بٹلر نے 34 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے شردل ٹھاکر نے تین اور بھونیشور کمار نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔