بھارت نے کشمیریوںکو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے لئے ان کے بارے معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دیں

86

سرینگر ۔ 3 اگست (اے پی پی) کشمیری عوام پر بیرونی دنیا کے دروازے بند کرنے اور انھیں دنیا کی سب سے بڑی جیل ،بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموںوکشمیر تک محدود رکھنے کیلئے بھارت نے ہر کشمیری کی معلومات اکٹھی کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیصلے کے مطابق بھارتی پولیس کو کشمیریوں کے اعدادوشمار اکھے کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی اور پولیس کشمیری خاندانوں کی معلومات اکٹھی اور اس کی تصدیق کرے گی۔ایک سینئر عہدیدار نے سرینگر میں میڈیا کو بتایاکہ پولیس بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میںمعلومات اکٹھی کرنے کیلئے کشمیریوںکو پولیس سٹیشنوں میں طلب کرے گی اور جو لوگ بیرون ملک ہیں ان کے اہل خانہ سے ضرورت کے مطابق تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی ۔بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیرمیں اس پیش رفت پر نظررکھنے والوںکا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کی وبا کے نام پر کیاجارہا ہے تاہم اس اقدام کا مقصد کشمیریوںپر بیرونی دنیا کے دروازے بند کرنا اور مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے کشمیریوںکو یرغمال بنانا ہے۔ یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے کی گھمبیر صورتحال کے پیش نظر کشمیری عوام خاص طورپر طلبا اعلیٰ تعلیم کیلئے ترکی اور مشرق وسطیٰ سمیت بیرون ملک جارہے ہیں۔ تاہم بھارت کے اس اقدام سے کشمیری طلبا بیرون ملک تعلیم کے حصول سے محروم ہو جائیں گے ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پولیس نے پہلے ہی کشمیریوں کے اعدادوشمار اکٹھاکرنا شروع کر دے ہیں۔