بھکر ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):بھارت نے کشمیریوں کی امنگوں کے برعکس جبر سے کشمیر پر قبضہ کیا، اسی تناظر میں ملک بھر کی طرح ضلع بھکر میں بھی بھارت کے اس غیرمنصفانہ اقدام پر بھکر کے عوام نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج 27 اکتوبر کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔اس ضمن میں مرکزی تقریب قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظفر حسن نقوی کے زیر صدرات ضلع کونسل ہال میں منعقد کی گئی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر بھکر خضر رزاق منج،صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خاں ودیگر تاجر رہنما،پادری مرقس مسیح،سول سوسائٹی کے افراد،میڈیا نمائندگان،سکولوں کے طلباء وطالبات،سرکاری محکموں کے افسران اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظفر حسن نقوی نے کہا کہ 27 اکتوبر ایک تاریخی ناانصافی کا دن ہے جس دن بھارت کی جانب سے ایک آزاد قوم کو غلام بنانے کی مذموم کوشش کی گئی جس میں بھارت اب تک کامیابی حاصل نہیں کرسکااور نہ ہی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو دبا نے میں کامیاب ہوسکا ہے۔قائم مقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارت آج بھی کشمیر میں وحشیانہ کارروائیوں اور دھونس و دھاندلی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر پربھارت نے ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہوئی ہے جس پر عالمی برادری کو نوٹس لے کرنام نہاد جمہوریت پسند بھارت کی مذموم کارروائیوں کو روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خضر رزاق منج ،رانا محمد اشرف خاں اور پادری مرقس مسیح نے کہاکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حقوق کی جنگ خون کے آخری قطرہ تک جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور یوم سیاہ کے موقع پرسب پاکستانیوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ بھارت اپنا کشمیر سے غاصبانہ قبضہ ختم کرے اور اس سلسلہ میں ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے کشمیر کی حمایت میں تقاریر بھی کیں۔
تقریب کے اختتام پر قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظفر حسن نقوی کی زیر قیادت ضلع کونسل ہال سے جنرل بس سٹینڈ تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور پاکستان زندہ باد اورپاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ریلی کے شرکاء نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اورہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھائے ہوئے تھے ۔