اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردی کا مرتکب ہوا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے۔
یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث بھارت جمہوریہ نہیں بلکہ ایک نو آبادیاتی فسطائی ریاست ہے جس کے توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں،کیونکہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد 9 لاکھ فوج کی مدد سے کشمیر پر دوبارہ قبضہ کیااور مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا اور اسے اپنی کالونی میں بدل دیا۔ یہ سب کچھ کشمیریوں کی مرضی و منشا کے خلاف اور ان سے پوچھے بغیر کیا گیا جو نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ تمام بین الاقوامی معاہدوں اور ضابطوں کی بھی خلاف ورزی ہے جسے کشمیریوں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو گرفتا ر کر کے نظر بندی کیمپوں اور ٹارچر سیلوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے اور ان کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے بلکہ بھارت نے پوری مقبوضہ ریاست کو فوجی محاصرے میں لے کرمقبوضہ کشمیر کی زمین کو بھارت کے دولتمند صنعت کاروں کے ہاتھوں فروخت کیا جا رہا ہے تاکہ مسلمانوں کو ان کی سرزمین اور گھروں سے محروم کر کے ہجرت کرنے پر مجبور کیا جائے اور اس طرح مسلم اکثریت کی حامل ریاست میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدل دیا جائے۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ خود بھارت کے اندر مسلمان صدیوں سے رہ رہے ہیں یہ ان کا اپنا وطن ہے جہاں سے انہیں بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔بھارت کے حکمران ایک منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں کو بے وطن کرنا چاہتے ہیں تاکہ بھارت میں اونچی ذات کے ہندوؤں کی ریاست قائم کی جائے لیکن ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔
گزشتہ سال مودی کی انتہا پسند حکومت اور بھارتی خفیہ ایجنسی نے کینیڈا میں مقیم سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا جس کے بعد بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آشکار ہو چکا ہے اور بھارت کی اقلیتوں پر ظلم کی قلعی دنیا کے سامنے کھل چکی ہے جس کے بعد مودی اور بھارت کی دہشت گردی کا نقاب اتر چکا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ایک جمہوریہ نہیں بلکہ ایک دہشت گرد ملک کے طور پرسامنے آیا ہے اور دنیا بھر میں دہشت گردی کر وا رہا ہے۔ لہذا عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو اُس کی دہشت گردانہ پالیسیوں سے روکے۔