بھارت کی جانب سے بحرہند میں پہلے ایٹمی آبدوز کی تعیناتی سے جنوبی ایشیاءمزید سٹرٹیجک عدم استحکام کا شکار ہو گا، ترجمان دفتر خارجہ

69

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے آسیہ بی بی کی بیروں ملک روانگی سے متعلق میڈیا اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسیہ بی بی محفوظ اور پاکستان میں موجود ہے، بھارت کی جانب سے بحرہند میں پہلے ایٹمی آبدوز کی تعیناتی سے جنوبی ایشیاءمزید سٹرٹیجک عدم استحکام کا شکار ہو گا، افغانستان میں طالبان کا بڑھتا ہوا کنٹرول باعث تشویش ہے، پاکستان سعودی عرب اور یمن کے مابین ثالثی پر کام کر رہا ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے متعلق میڈیا اطلاعات کو حقائق کے منافی قرار دیا اور کہا کہ آسیہ بی بی محفوظ اور پاکستان میں موجود ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آسیہ آزاد شہری اور عدالتی فیصلہ کے بعد جہاں جانا چاہے جا سکتی ہے۔ بحرہند میں پہلے ایٹمی آبدوز کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بحرہند میں پہلے بھارتی ایٹمی آبدوز کی گشت اور بھارت میں خود ساختہ مبارکبادوں کا نوٹس لیا ہے، جو نہ صرف بحرہند کے علاقائی ممالک بلکہ تمام دنیا کیلئے باعث تشویش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی اعلیٰ قیادت کے لب و لہجہ اور اس اقدام سے جنوبی ایشیا مزید سٹرٹیجک عدم استحکام کا شکار ہو گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاءمیں سٹرٹیجک استحکام کے مقاصد کیلئے پرعزم ہے تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ایٹمی اور روایتی ہتھیاروں سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ افغانستان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے مختلف حصوں میں طالبان کے کنٹرول میں اضافہ باعث تشویش ہے۔