بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پرڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے،بلاول بھٹو زرداری

127
Bilawal Bhutto Zardari

کراچی۔ 05 جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں عوام کی حالت زار محض ایک علاقائی مسئلہ نہیں، دنیا کے ضمیر کا امتحان ہے،کشمیری عوام پرہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے یومِ حق خود ارادیت کشمیر پر اپنے پیغام میں زور دیا کہ عالمی برادری پر یہ لازم ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور کشمیری عوام کوان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دلوانے کیلئے موثرکردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقِ خود ارادیت بین الاقوامی قانون میں شامل ایک بنیادی اصول ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شکل میں کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ بھی بنیادی عالمی اصول کے تحت ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کو غیرمتزلزل عزم کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا،جو بدترین مظالم کے باوجود آزادی کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

آج ہم ان ثابت قدم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جنہوں نے دہائیوں سے بھارتی جبر کا سامنا کیا ہے۔ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کاز کے دفاع میں سب سے آگے رہی ہے اور آئندہ بھی ہر پلیٹ فارم سے آپ کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی تک اپنے مظلوم بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتے رہیں گے۔ آج کے دن ہم آپ کی آواز کو نئے عزم سے بلند کرنے اور آپ کے کاز کا دفاع کرنے کا ِعہد کرتے ہیں، ہم سب مل کر یہ یقینی بنائیں گے کہ بھارتی تسلط سے آزاد ایک پرامن کشمیر کا خواب حقیقت بنے۔