اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):بھارت کی طرف سے مادھوپر ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے،اگلے 48 گھنٹوں میں، دریائے راوی میں جسرکے مقام پر اونچے درجے، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پردرمیانے درجے سے اونچے درجے تک کی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔پیر کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت بھارتی ریاستوں میں جاری شدید بارشیں متوقع ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) صورتحال کا ہمہ وقت مشاہدہ کر رہا ہے۔اگلے 48 گھنٹوں میں، دریائے راوی میں جسرکے مقام پر 80,000 سے 125,000 کیوسک بہاؤکے ساتھ اونچے درجے کی سیلابی صورتحال متوقع ہے چناب کے بالائی علاقوں میں جموں تاوی اور منور تاوی ندیوں کے بہائو میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر150,000 سے 200,000 کیوسک کے ساتھ بہاؤ درمیانے درجے سے اونچے درجے تک پہنچ سکتا ہے۔دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 190,000 کیوسک 220000 کے ساتھ شدید بہاؤ کی حد سے حد تک پہنچ سکتا ہے۔بھارتی ڈیم تھین (رنجیت ساگر) اپنی گنجائش کے قریب تک بھر چکا ہے، اور ایئک، ڈیگ، بین، بسنتر، اور پلکھو نالوں سے اخراج اور بہائو میں بھی اضافے متوقع ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر، این ڈی ایم اے روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی مون سون جائزہ اجلاس منعقد کر رہا ہے، اوراین ای او سی تمام دستیاب وسائل کے ساتھ صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔این ڈی ایم اے اداروں کو ضروری معاونت فراہم کر رہا ہے تا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے بر وقت اور پیشگی اقدامات کئے جا سکیں۔