اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف فضائی حملےکی شکل میں بھارت کی غیرقانونی عاقبت نااندیش عسکری مہم جوئی پرہماری جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونےپرمیں قوم کو مبارکباد اور اپنی افواج کو سلام پیش کرتا ہوں،ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا اور بات چیت کے ذریعےتمام تنازعات کا حل نکالنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ایک با اعتماد اورقابل فخرقوم کے ناطےہم نےپورے عزم واستقلال سے اپنی مرضی کےوقت اورمقام پر جواب دیا۔ہندوستان کی غیر ذمہ دارانہ عسکری شرانگیزی کے باوجود گرفتار بھارتی ہواباز واپس کرکے پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنے ذمہ دارانہ رویے کا اظہار کیا۔ ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔میں ایل او سی جنگ بندی کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ مزید پیش رفت کیلئے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے۔ہندوستان اہلِ کشمیر کے دیرینہ مطالبےکی منظوری اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں انہیں حقِ خودارادیت کی فراہمی کیلئےضروری اقدامات اٹھائے۔