بھارت کے ساتھ میچ بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہے، بنگلہ دیشی ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے پر افسوس ہے ،کپتان سلمان آغا

لاہور۔5فروری (اے پی پی):قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بنگلادیش کو بھائی قرار دیتے ہوئے ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقدہ کپتانوں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہاکہ پاکستان بنگلادیش کی جانب سے ملنے والی حمایت کو قدر کی نگاہ …

لاہور۔5فروری (اے پی پی):قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بنگلادیش کو بھائی قرار دیتے ہوئے ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقدہ کپتانوں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہاکہ پاکستان بنگلادیش کی جانب سے ملنے والی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بنگلادیش کی ٹیم اس بڑے ایونٹ میں شرکت نہیں کر رہی۔بھارت کے خلاف ممکنہ میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال کے جواب میں قومی کپتان نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور بطور ٹیم ہم حکومت کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے، ہم حکومت کی ہدایات کے مطابق ہی آگے بڑھیں گے ۔سلمان علی آغا نے اس موقع پر اپنی قیادت کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان یہ ان کا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے جس کے لیے وہ بے حد پرجوش ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور شائقینِ کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔قومی کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ کے بعد سے پاکستانی ٹیم مسلسل بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسکواڈ متوازن اور مضبوط ہے، اور اس ورلڈ کپ میں ٹیم بھرپور مقابلہ کرے گی۔سری لنکا کے بارے میں بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ ملک ان کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں کے لوگ نہایت خوش اخلاق ہیں اور سری لنکا آ کر ہمیشہ خوشی اور اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔

آخر میں قومی کپتان نے امید ظاہر کی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور پاکستان ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔