سرینگر۔15اگست (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں جمعرات کو بادل پھٹنے سے کم از کم ایک شخص جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کولگام ضلع کے علاقے دمہل ہانجی پورہ میں پیش آیا، کلائوڈ برسٹ کے بعدمتاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے کی شناخت مختار احمد چوہان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تین زخمیوں میں سے ایک کی شناخت رفاقت احمد چوہان کے نام سے ہوئی ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں ضلع گاندربل میں بھی بادل پھٹنے سے ایک سڑک کو نقصان پہنچا اور سری نگر ۔لیہہ شاہراہ بند ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ کسی علاقے میں ایک گھنٹے میں 50 ملی میٹرسے زیادہ بارش کو کلائوڈ برسٹ کا نام دیا جاتا ہے ، بہت زیادہ بارش کی وجہ سے متاثرہ علاقے میں سیلابی ریلوں سے تباہی ہو سکتی ہے۔