بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی گئی، ترجمان دفتر خارجہ

90

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اے پی پی) بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور اس واقعہ کی مذمت کی۔بھارت نے 31 دسمبر 2018 کو اٹھمقام پر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں آسیہ بی بی شہید ہوئی جبکہ 3 بچوں اور 2 خواتین سمیت 7 شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر سویلین آبادی کو بھاری اسلحہ سے مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔2018 میں بھارتی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی 2350 مرتبہ خلاف ورزی کی جس سے 36 شہری شہید جبکہ 142 زخمی ہوئے۔2017 میں بھارتی افواج نے 1970 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی۔جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے علاقائی امن سیکورٹی کوخطرہ لاحق ہے۔