بھٹو اور بےنظیر کے وژن، ہمت اور قربانیوں نے پاکستان کی جمہوری بنیادوں کو مضبوط کیا ، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس پر پیغام

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیربھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے وژن، ہمت اور قربانیوں نے پاکستان کی جمہوری بنیادوں کو مضبوط کیا اور وہ کئی نسلوں پر اثر انداز ہوئے۔ ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس …

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیربھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے وژن، ہمت اور قربانیوں نے پاکستان کی جمہوری بنیادوں کو مضبوط کیا اور وہ کئی نسلوں پر اثر انداز ہوئے۔ ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدرِ مملکت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اٹھاون ویں یومِ تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی پوری تاریخ میں پاکستان پیپلز پارٹی نے دور کے مرکزی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان پر آمریت کا سایہ تھا، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی مزاحمت کرنے والی پارٹی کے طور پر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوامی حقوق کی بحالی کی جدوجہد کی قیادت کی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہپارٹی نے ہمیشہ جمہوری نظام کو مستحکم کرنے، اتحاد کو فروغ دینے اور سیاسی عمل کو درست راستے پر رکھنے کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے1973ءمیں متفقہ آئین حاصل کیا، ایک قومی میثاق جو آج بھی ہماری جمہوریت کی رہنمائی کررہی ہے۔

صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو وفاق کے استحکام، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں اصلاحات کے آغاز، ملک کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے اور زمین، مزدور، تعلیم اور سماجی انصاف سے متعلق تاریخی اصلاحات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک بحالیِ جمہوریت (ایم آر ڈی) اور اتحاد برائے بحالیِ جمہوریت (اے آر ڈی) سے لے کر چارٹر آف ڈیموکریسی، اٹھارویں ترمیم اور نیشنل ایکشن پلان تک، پیپلز پارٹی پاکستان کے جمہوری ارتقا میں مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اپنے آغاز سے ہی پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، خواتین، اقلیتوں اور تمام پسے ہوئے طبقات کی آواز رہی ہے، ان کی شمولیت اور انہیں بااختیار بنانا ہماری سیاسی سمت کا تعین کرتا رہا ہے اور آج بھی ہمارے مشن کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ آیئے آج کے دن ہم جمہوریت، سماجی انصاف، مساوات اور تمام شہریوں خصوصاً خواتین اور اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے عزم کو ایک بار پھر تازہ کریں کیونکہ ان کی فعال شمولیت پاکستان کے پرامن اورتکثیری مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ میں تمام پارٹی کارکنوں اور سپورٹروں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ جمہوری اتحاد کو برقرار رکھیں، وفاق کی حفاظت کریں اور ایک روادار اور ترقی پسند پاکستان کے لیے کام کریں۔

مزید خبریں