بھکر،عوام کے مسائل کا فوری اور شفاف حل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، چیئرمین وزیر اعلی پنجاب سرو لینس اور مانیٹرنگ ڈائریکٹریٹ

123
Chairperson Chief Minister Punjab
Chairperson Chief Minister Punjab

بھکر۔ 29 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس اور مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ کے چیئرمین بریگیڈیئر(ر) بابر علاؤ الدین نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان، سرکاری محکموں کے سربراہان، درخواست گزاروں کی کثیر تعداداور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔

کھلی کچہری میں مجموعی طور پر 67 شکایات پر مبنی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 12 شکایات کا تعلق ضلعی محکمہ پولیس سے تھا۔ جب کہ باقی 55 درخواستیں ریونیو، میونسپل سروسز، محکمہ انہار، نادرا، فاریسٹ، صحت، تعلیم اور لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ امور پر مشتمل تھیں۔کھلی کچہری کے دوران موصول ہونے والی شکایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہدایات جاری کی گئیں تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔

بریگیڈیئر(ر) بابر علاؤ الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری اور شفاف حل حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر شکایت کو میرٹ پر حل کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور افسران کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ مسائل کو تیز رفتاری سے حل کیا جا سکے۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ پولیس سے متعلق شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔کھلی کچہری میں ریونیو، میونسپل سروسز، محکمہ انہار، نادرا، فاریسٹ، صحت، تعلیم، اور لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ درخواستوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔\