بھکر۔ ۔ 09 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کا متوقع سیلاب کے خدشات کے پیش نظر سپر بند کا تفصیلی دورہ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مہتاب احمد خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ضلع میں تاحال سیلاب کا خطرہ موجود نہیں ہے تاہم اگلے دو سے تین روز دریائی علاقوں کے قریب مقیم لوگ محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کریں ۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سپر بند کے دورہ کے دوران بارشی کٹاؤ کی بدولت پڑنے والے شگافوں کو فی الفور بند کرنے کیلئے ایکسئین اریگیشن کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ایکسئین اریگیشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ آج صبح چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 383656 کیوسک تھی جبکہ پانی کا اخراج 362456 کیوسک رہا ہے جو کہ ایک نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ سپر بند کی مناسب دیکھ بھال کا عمل مکمل ویجی لینس کیساتھ برقرار رکھا جائے تاکہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے انتظامات میں کسی قسم کا کوئی سقم باقی نہ رہے ۔