بھکر۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):بھکر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ چلنے والے اینٹوں کے تین بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا۔قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظفر حسن نقوی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بھکر خضر رزاق منج نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ چلنے والے بھٹہ جات کے خلاف کریک ڈاؤن کر کےاسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ابوذر کے ہمراہ دریا خان روڈ پر سیاہ دھواں چھوڑنے والے تین بھٹہ ہائے خشت کو مسمار کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سموگ کے تدارک اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ چلنے والے بھٹہ جات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا ۔اس ضمن میں متعدد بار وارننگ کے باوجود بھٹہ جات کے مالکان نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر اپنے بھٹے منتقل نہیں کئے جس کی بنیاد پر سخت ایکشن لیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومتی احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ پرانی ٹیکنالوجی پر بھٹہ جات کو چلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔