سمبڑیال۔ 20 فروری (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ بہاریہ کماد کی کاشت کا وقت شروع ہوچکا ہے اور31 مارچ تک کاشت جاری رہے گی۔ انہوں نے کسانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بہاریہ کماد کی کاشت کا وقت 15 فروری سے 31 مارچ تک ہے ۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی بیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے کماد کی کاشت کے وقت میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمادکی کاشت کے لئے 60 ہزار آنکھیں فی ایکڑ ہونی چاہئیں جو مندرجہ ذیل شرح بیج سے حاصل ہوتی ہیں،شرح بیج بلحاظ وزن گنا تقریبا ایک سو تا 120 من گنا فی ایکڑ،شرح بیج بلحاظ رقبہ12 تا16 مرلہ کماد فی ایکڑ اور شرح بیج تعداد سمے 2 انکھوں والے30 ہزار یا3 آنکھوں والے20 ہزار فی ایکڑ لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید معلومات کےلئے فیلڈ میں موجود ہمارے نمائندوں یا ایگری کلچر ہیلپ لائن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پروگرام ’’خوشحال کسان خوشحال پاکستان ‘‘کے تحت ان دنوں کسانوں کی رہنمائی کےلئے مختلف گائوں میں کسان اجتماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے اور کسان وہاں پر موجود محکمہ زراعت کے نمائندوں سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564179