اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایک مسلمان خاتون کے ساتھ بدسلوکی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سینئر سیاسی رہنما کی طرف سے خاتون کا حجاب زبردستی کھینچنا شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے۔ جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو ناروا سلوک …
بہار کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے مسلمان خاتون کا حجاب زبردستی کھینچنا شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایک مسلمان خاتون کے ساتھ بدسلوکی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سینئر سیاسی رہنما کی طرف سے خاتون کا حجاب زبردستی کھینچنا شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے۔
جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو ناروا سلوک کا سامنا ہے، بھارتی حکومت اقلیتوں کے حقوق خصوصاً مذہبی آزادی کا تحفظ یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان خاتون کے ساتھ بدسلوکی اور اس کا مذاق اڑانا قابل مذمت ہے، بھارت میں مسلمان خواتین کی تذلیل کو معمول بنانا تشویشناک رجحان ہے، یہ واقعات بھارت میں اسلاموفوبیا اور عدم برداشت کی عکاسی کرتے ہیں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور انسانی وقار کے تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد اتر پردیش میں ایک وزیر کی جانب سے اس واقعہ کا کھلے عام مذاق اڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ذمہ دار سٹیک ہولڈرز اور بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس واقعہ کی سنگینی کو پہچانیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی کے احترام اور انسانی وقار کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔









