بہاولنگر ۔ 15 مارچ (اے پی پی):بہاولنگر کےچک نمبر 13 گجیانی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ فائرنگ سے پولیس کی زیرحراست عمیر لیاقت نامی خطرناک ملزم ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق کےچک نمبر 13 گجیانی کے قریب دو موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے پولیس کے زیر حراست ملزم کو چھڑوانے کیلئے فائرنگ کی۔ تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس ملزم کو آلہ قتل کی برآمدگی کروانے کیلئے لےجارہی تھی۔
ملزم عمیر لیاقت کے ساتھیوں نے پولیس سکواڈ پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر ملزم عمیر لیاقت ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور ملزمان فرار ہوگئے۔ ہلاک ملزم نے گزشتہ روز چشتیاں پارک کالونی میں ایک گھر میں گھس کر نوجوان لڑکی کو بے دردی سے قتل کردیا تھا۔ پولیس نے علاقہ ناکہ بندی کروادی ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔