بہاول پور ۔ 06دسمبر (اے پی پی):شیرباغ بہاولپور کے چڑیا گھر میں شیر نے ایک شہری کوچیرپھاڑکرہلاک کردیا، اطلاعات کے مطابق چڑیاگھرکاعملہ صبح شیروں کے پنجرے کی صفائی وغیرہ کیلئے پہنچاتو شیر انسانی جسم کو چیرپھاڑ رہا تھا ، جس پر تمام افسران کواطلاع دی گئی اور فوری طور ہرلاش کو نکالا گیا ۔
شیر کا شکار ہونے والے شخص کی شناخت کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی بات معلوم نہیں ہو سکی ۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور ودیگرافسران بھی موقع پرپہنچ گئے۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ابتدائی اطلاع کے مطابق یہ ایک نشئی شخص ہو سکتا ہے جوکہ کسی بھی طریقے سے چڑیاگھرمیں داخل ہوا اورحادثے کاشکارہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ چڑیاگھرکے عملے کی مکمل گنتی کرائی گئی ہے تمام عملہ پوراہے ۔
دن بھرچڑیاگھرآنیوالے شہریوں نے بھی ایسے کسی واقع کی اطلاع دی ہے نہ ہی شکایت کی ہے جس سے ظاہرہوتاہے کہ یہ واقعہ رات گئے یا صبح سویرے ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جواس معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے چڑیاگھرکے آفیسرزآفیشلزکی نااہلی، غیرذمہ دارانہ رویہ اورسیکورٹی لیپس کاتعین کرے گی۔
انہوں نے بتایاکہ سیکرٹری وائلڈ لائف اورڈی جی وائلڈ لائف بھی اپنے طورپر اس سارے معاملات کی تحقیقات کرکے معاملات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں جوبھی قصوروارثابت ہوگا اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔