اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):بہاولپور میں جاری20ویں بین الاقوامی چولستان ڈیزرٹ ریلی نے صحرائے چولستان کو ایک بہت بڑے میدان میں تبدیل کر دیا ، جہاں پر 79 کاریں تیز رفتاری سے ٹیلوں کو عبور کر رہی ہیں اور ریلی کے شرکا کو اپنی مسحور کر رہی ہیں، سٹاک کیٹیگری میں مردوں اور خواتین کی الگ الگ ٹیمیں شامل ہیں۔
نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب ( ٹی ڈی سی پی ) کے زیر اہتمام چولستان ڈیزرٹ ریلی، جنوبی ایشیا کا فلیگ شپ موٹرسپورٹ ایونٹ ہے جو 2005 سے پاکستان کے وسیع صحرائے چولستان میں ہر سال منعقد ہوتا ہے اور سیاحت کو فروغ دیتا ہے۔
ٹی ڈی سی پی حکام نے کہا ہے کہ کار ریلی پاکستان کی قدرتی خوبصورتی اور مہمان نوازی کو ظاہر کرتی ہے، جس سے سیاحت اور معاشی ترقی کو فروغ ملتا ہے۔ ایک اور اہلکار نے مزید کہا کہ ہم خواتین کی ریلی میں شرکت اور ان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر بہت خوش ہیں۔
پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد پر فخر ہے جو پنجاب میں کاروبار اور سیاحت کو فروغ دینے کے ہمارے وژن کے مطابق ہے، جس سے معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔کار ریلی میں شریک ایک خاتون نے کہا کہ ریلی کا حصہ بننا پرجوش ہے! صحرا میں ریس کی سنسنی، قدرتی حسن کے ساتھ مل کر ایک ناقابل فراموش تجربہ ہے۔
ایک اور خاتون ڈرائیور نے کہا کہ یہ ایونٹ خواتین کے لیے اپنی ڈرائیونگ کی مہارت کو ظاہر کرنے اور دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ مجھے اس تجربے کا حصہ بننے پر فخر ہے۔