بہاولپور۔ 29 مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹیو آفیسربہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع بہاولپور میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کے لیے صفائی پلا ن کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ہفتہ کو جاری یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام افسران،سینیٹری انسپکٹرز اور سینیٹری سٹاف عید کی تعطیلات میں معمول کے مطابق ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عید سے قبل ہی شہر کی تمام چھوٹی بڑی عید گاہوں،مساجد،امام بارگاہوں اور ان کے ملحقہ راستوں کو زیرو ویسٹ لیول پر لایا جائے گا اور ملحقہ راستوں کی چونے سے تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے قبرستانوں میں صفائی کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم اور ہیلپ لائن 1139 عید تعطیلات کے دوران فعال رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ دیگر علاقوں سے بھی صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے تمام کنٹریکٹرزسے عید صفائی پلان کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیگر تحصیلوں میں بھی صفائی آپریشن کی مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔سی ای او محمد نعیم اختر نے شہریوں سے کہا کہ عید کی خوشیوں کے دوران شہر، گلی محلوں اور تفریح گاہوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے بھرپور تعاون کریں اور کوڑا کوڑے دانوں تک پہنچائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577270