بہت جلد یونین کونسل کی سطح پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن کیلئے خصوصی موبائل گاڑیاں بلوچستان بھجوائی جائیں گی، وفاقی وزیر شازیہ مری

298
شازیہ مری
حکومت نے سماجی بہبود کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کیا ، شازیہ مری

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری نے کہا ہے کہ بہت جلد یونین کونسل کی سطح پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن کیلئے خصوصی موبائل گاڑیاں بلوچستان بھجوائی جائیں گی۔

پیر کو قومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے نکتہ اعتراض پر یونین کونسل کی سطح پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا عملہ بھجوائے جانے کا معاملہ اٹھایا جس پر شازیہ مری نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دیہی علاقوں میں سروے کیلئے مقامی لوگوں کی خدمات لی جائیں گی۔

اس کیلئے شراکت دار سے موبائل گاڑیاں مل چکی ہیں جنہیں جلد بلوچستان بھجوایا جائے گا جبکہ بعدازاں ملک کے دیگر دوردراز علاقوں میں ان کے ذریعے رجسٹریشن کی جائے گی۔ اس کام کیلئے منتخب نمائندوں کو بھی اعتماد میں لیں گے، ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید فنڈز کا مطالبہ کیا ہے۔