اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):82ویں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ اور مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل ظہیر الدین بابر سدھو اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی، اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ، کابینہ کے ارکان، غیر ملکی سفارت کاروں، اعلیٰ سول و فوجی حکام اور پاکستان کے لیے نمایاں خدمات پر تعریفی اسناد حاصل کرنے والی اہم شخصیات کے علاوہ اور دیگر مہمانوں نے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا مظاہرہ دیکھا۔
سعودی عرب، ترکی، ازبکستان، آذربائیجان اور بحرین سمیت دوست ممالک کے دستوں نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔ مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر دفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کو سلامی دی۔ اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے پریڈ میں شامل فوجی دستوں کا معائنہ بھی کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والے نئے J-10C جیٹ طیاروں سمیت پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی مختلف فارمیشنز کے فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔ پریڈ میں آرمرڈ کور، آرٹلری، رینجرز، ایئر ڈیفنس، کوسٹ گارڈز، آرمڈ فورسز نرسنگ سروس کے خواتی دستوں، پاکستان بوائز سکاؤٹس اور گرلز گائیڈز نے بھی حصہ لیا۔ آرمرڈ کور ، آرٹلری، ایئر ڈیفنس انجینئرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامان حرب کے ساتھ پریڈ میں شامل ہوئے۔
اس کے علاوہ میزائل اور دیگر ہتھیار پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ تھے۔ اس سال کی ایک اور خاص بات جدید ترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ تھا جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہوا۔ اس موقع پر قراقرم کے سات طیاروں کی ’شیردل‘ ٹیم نے دلکش ایروبیٹکس پیش کیے۔ تینوں مسلح افواج کے چھاتہ برداروں نے 10,000 فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب کے شرکانے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ، جنگی طیاروں کے فلائی پاسٹ اور چھاتہ برداروں کی جانب سے فری فال کے شاندار مظاہرہ کو بے حد سراہا اور بھرپور داد دی۔ اس موقع پر صوبوں کے فلوٹس نے قومی ہم آہنگی پر مبنی لوک گیتوں اور لوک ڈانس کے ذریعے اپنی منفرد ثقافت کی عکاسی کی۔ علاوہ ازیں خصوصی طور پر مدعو کیے گئے وفود کی دلچسپی کے لیے او آئی سی ممالک کا خصوصی فلوٹ بھی پریڈ میں شامل کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کا سال ہونے کی وجہ سے 82ویں یوم پاکستان اور پریڈ کو منفرد و خاص اہمیت حاصل ہے۔ اس سال یوم پاکستان کا تھیم "شادرہے پاکستان” رکھا گیا ہے۔
یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ "مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے ایک مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ قوم اور بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئی ایس پی آر نے مختصر دورانیے کے پی ایس ایمز بھی جاری کی ہیں۔