بیرونِ ملک پاکستانی نوجوان علم، تجربے اور سرمایہ کاری سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،رانا مشہود احمد خاں
بیرونِ ملک پاکستانی نوجوان علم، تجربے اور سرمایہ کاری سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،رانا مشہود احمد خاں

مزید خبریں
شکاگو۔23جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اس بات پر زور دیاہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوان تعلیمی اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے علم، تجربے، جدت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے نوجوانوں اور عالمی پاکستانی برادری کے درمیان مضبوط روابط دونوں ممالک اور میزبان معاشروں کے لیے دیرپا اور مثبت نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے شکاگو میں پاکستان کے قونصل خانے میں پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں، ممتاز کمیونٹی رہنماؤں، تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور مختلف پیشہ ورانہ نیٹ ورکس سے تعلق رکھنے والے افراد سے ایک خصوصی ملاقات اور تعاملی نشست میں شرکت کی۔
دورے کے آغاز پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً نوجوانوں، کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے، تعلیم، ہنر مندی، جدت، کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں قونصل جنرل زمان مہدی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ اس کی نوجوان آبادی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوان تعلیمی اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے علم، تجربے، جدت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں اور عالمی پاکستانی برادری کے درمیان مضبوط روابط دونوں ممالک اور میزبان معاشروں کے لیے دیرپا اور مثبت نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
اپنے خطاب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے حکومتِ پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چار بنیادی ستونوں تعلیم، روزگار و کاروباری مواقع، نوجوانوں کی شمولیت، اور ماحولیات کا تفصیل سے ذکر کیا۔
انہوں نے پروگرام کے اہم اقدامات، جن میں ڈیجیٹل یوتھ ہب، ہنر مندی کے پروگرام، کاروبار اور زراعت کے لیے مالی معاونت، وظائف، کھیلوں کے فروغ اور قیادت سازی کے مواقع شامل ہیں، پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی برادری پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے یوتھ فوکل پرسن نے پروگرام کے مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی، جامعات اور صنعتی اداروں کے ساتھ تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی تاکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ہنر مندی، بین الاقوامی روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے نوجوانوں کے باہمی روابط اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں کمیونٹی کے نمائندوں نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کو ان کے دورے اور نوجوانوں کی ترقی و بااختیار بنانے کے لیے خدمات کے اعتراف میں یادگاری تحائف پیش کیے۔








