وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کا ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد اور وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب الامذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے جمعرات کو ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا۔ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد اور وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی …

مانسہرہ۔ 23 جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد اور وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب الامذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے جمعرات کو ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا۔ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد اور وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہیں ہزارہ یونیورسٹی کی تاریخ پر مبنی ویڈیو گرافی بھی دکھائی گئی جس میں یونیورسٹی کے قیام سے لیکر اب تک پیش آنے والی مشکلات، ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر اور تعلیمی و تحقیقی امور کی درجہ بدرجہ عکاسی کی گئی تھی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی بہت سے تغیرات اور تبدیلوں سے گزر کر آج ترقی کے اعلیٰ مقام تک پہنچی ہے، یہ سب یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ کی محنت اور ملازمین کی شب و روز کاوشوں سے ممکن ہوا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ اسلامی اقدار پر استوار ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور وہ اکثر یونیورسٹی میں اپنے طلباء سے بھی کہتے ہیں کہ پاکستانی اور سعودی بھائی بھائی ہیں۔ انہوں نے علاقائی حالات کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنی فہم و فراست کو استعمال کرتے ہوئے مل کر ان حالات کا دانشمندی سے مقابلہ کر کے تمام مشکلات پر قابو پا لیں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور ہزارہ یونیورسٹی کے مابین مضبوط روابط تعلیمی و تحقیقی میدان میں ترقی اور وسعت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پبلک ریلیشنز آفیسر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ شاہد ربانی کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کسی بھی ملک کے نوجوانوں کو فکری، سیاسی اور سائنسی بنیاد فراہم کرتی ہیں اور یہیں سے وہ نسل تیار ہو گی جس نے مستقبل میں پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ یونیورسٹیاں صرف ڈگریاں دینے والے ادارے نہ ہوں بلکہ اپنے طلباء و طالبات میں علم، تحقیق، کردار سازی اور انسانی خدمات جیسے اوصاف بھی پیدا کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی علمی و سائنسی میدان میں مسلسل ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور یہ ادارہ ملک بھر کے ہزاروں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے زیور سے آراستہ کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی میں جامعہ الامام الملک عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعودکی صورت میں ایک ایسا دائمی تحفہ عطا کیا جو ہماری نسلوں کیلئے بھی خیر و برکت کا ذریعہ رہے گا۔

وفاقی وزیر نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی، تحقیقی و تخلیقی میدان میں تعلقات میں وسعت لانے اور انہیں مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سے قبل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے مہمانوں کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور تعمیراتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز اور تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

مزید خبریں