اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کو بیرونی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر میاں نواز شریف نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں سیاسی و عسکری قیادت کا کردار قابل تعریف ہے، ہمارے ایٹمی سائنسدانوں نے جس طرح پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور اس پروگرام کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا وہ قابل تعریف ہے۔
یوم تکبیر کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بیرونی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر میاں نواز شریف نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں سیاسی و عسکری قیادت اور ہمارے ایٹمی سائنسدانوں کا کردار قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے، بین الاقوامی اٹامک انرجی ایجنسی بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو محفوظ قرار دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہمارے ایٹمی پروگرام کے خلاف پروپیگنڈا خاک میں مل چکا ہے،پاکستان ایٹمی قوت ہے اسی وجہ سے بھارت صرف گیدڑ بھبکیوں کی حد تک محدود ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جنگی اور سفارتی محاذ سے پسپا ہو کر مودی اب دھمکیوں پر اتر آیا ہے،مودی نے دوبارہ کوئی شرارت کی تو روایت کے مطابق اینٹ کا جواب پتھر سے ملے گا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم خطے میں جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بی ایل اے سمیت دیگر بھارتی پراکسیز سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہے ہیں،قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے پوری قوم یکجا ہے۔