بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو انتہائی مو¿ثر انداز میں واپس لایا جا رہا ہے، وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو انتہائی مو¿ثر انداز میں واپس لایا جا رہا ہے۔ منگل کو ایوی ایشن ڈویژن میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی سہولیات کےلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ لی۔ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن حسن ناصر جامی نے وفاقی وزیر کو ہوائی اڈوں پر کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کو روکنے کےلئے بنائے گئے ایس او پیز اور ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تقسیم کے عمل کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سیکرٹری ایوی ایشن کو ہدایت کی کہ وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو الگ حصوں میں تقسیم کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے۔