بیلاروس میں اپنا اورشینک میزائل سسٹم نصب کریں گے،روس

120
Russian President

ماسکو۔4فروری (اے پی پی):ایک سینئر روسی سفارت کار نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک بیلاروس میں اپنا اورشینک میزائل سسٹم نصب کرے گا۔شنہوا نےمنگل کو روسی وزارت خارجہ کے عہدیدار الیکسی پولشچک کے حوالے سے بتایا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے مطابق کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روس اپنے وعدوں کے مطابق بیلاروس کو ضروری مدد فراہم کرنے اور مشترکہ دفاعی اقدامات کے لئے تیار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک اورشینک میزائل دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی معاہدوں کے تحت بیلاروس میں نصب کئے جائیں گے،وہاں پہلے ہی ایک مشترکہ علاقائی فورسز گروپ، جدید روسی دفاعی نظام اور غیر سٹریٹجک جوہری ہتھیار موجود ہیں ، بیلاروس کی مسلح افواج اور سکیورٹی ایجنسیاں بیرونی اور اندرونی دونوں خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری کے آخر میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے اعلان کیا تھا کہ روس کا اورشینک ہائپرسونک میزائل سسٹم کسی بھی دن بیلاروس پہنچ جائے گا اور یہ نظام سمولینسک کے علاقے کے قریب نصب کیا جا سکتا ہے۔\