وزیرمملکت محمد شبیر علی قریشی سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات،تعمیراتی شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال

89

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برا ئے ہائوسنگ اینڈورکس شبیر علی قریشی نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس حوالے سے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام اہم اقدام ہے جس کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو کم لاگت پر چھت کی فراہمی کا تصور پیش کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی وجہ سے تعمیراتی شعبہ تیزی کے ساتھ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جس کے لئے تعمیراتی شعبے کو ٹیکس سے چھوٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹی لسٹا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیر مملکت سے ملاقات کی۔ وزارت ہاوسنگ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاک۔بیلاروس تعلقات ، تعمیراتی شعبہ اور کم لاگت مکانات کی تعمیر میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت شبیر علی قریشی نے معزز سفیر کو وزیراعظم عمران خان کے معاشرے کے غریب اور کمزو رطبقات کیلئے 50 لاکھ سستے گھر بنانے کے وژن کے اہم پہلووں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس حوالے سے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام اہم اقدام ہے جس کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو کم لاگت پر چھت کی فراہمی کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مکانات و تعمیرات کے وفاقی سیکرٹری عمران زیب نے بیلاروس کے سفیر کو وزارت کی جانب سے شروع کی گئی بلندوبالا عمارات اور دیگر جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی سیکرٹری نے وزیراعظم عمران خان کے اس وژن سے بھی آگاہ کیا جس کی وجہ سے تعمیراتی شعبہ تیزی کے ساتھ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جس کی بنیادی وجہ تعمیراتی شعبے کو ٹیکس سے چھوٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی ہے۔ بیلاروس کے سفیر آندرے میٹی لسٹانے وزارت ہاوسنگ و تعمیرات کی جانب سے تعمیراتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور تعمیراتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ آندرے میٹی لسٹاکا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے بالخصوص کم لاگت پر مکانات کی تعمیر سمیت مختلف تعمیراتی منصوبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔