برسلز۔28اگست (اے پی پی):بیلجیئم میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے بیلجیئم کی اقوام متحدہ میں ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کی امیدوار ڈاکٹر نکول ڈی مور اور بیلجیئم وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے ایشیا و بحر الکاہل سفیر ڈبلیو ایسیل بورن سے ملاقات کی اور پاکستان اور بیلجیئم کے دوستانہ تعلقات اور یو این ایچ سی آر کے لئے ان کے وژن پر تبادلہ خیال کیا ۔
جمعرات کو سفارتخانہ کے ایکس پر اپنی پوسٹ میں سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا کہ بیلجیئم کی اقوام متحدہ میں ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کی امیدوار ڈاکٹر نکول ڈی مور اور بیلجیئم وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے ایشیا و بحر الکاہل سفیر ڈبلیو ایسیل بورن سے ملاقات سے خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور بیلجیئم کے دوستانہ تعلقات اور یو این ایچ سی آر کے لئے ان کے وژن پر تبادلہ خیال ہوا۔ سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا کہ پاکستان یو این ایچ سی آر کا ایک اہم شراکت دار ہے اور اکتوبر 2025 سے ایگزیکٹو کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔