بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نیوٹیک کے مابین مستحق افراد کو ہنر کے ذریعے بااختیار بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

10

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)نے بینظیر ہنر مند پروگرام (بی ایچ پی ) کے تحت باہمی تعاون کیلئے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جس کا مقصد بی آئی ایس پی کے مستحق افراد اور ان کے اہلخانہ کو ہنر کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ یہ تقریب نیوٹیک کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال نے شرکت کی۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر جنرل این ایس ای آر ڈاکٹر عاصم اعجاز اور نیوٹیک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اسحاق راؤ نے کئے۔ اس موقع پر دیگر شخصیات میں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان اور چیئرمین ٹیوٹا پنجاب بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر بھی موجود تھے۔

اس معاہدے کا مقصد بی آئی ایس پی اور نیوٹیک کے درمیان ایک مؤثر شراکت داری قائم کرنا ہے تاکہ بی ایچ پی کے تحت ہنر مندی کے اقدامات کے ذریعے بی آئی ایس پی کے مستحقین کو غربت سے نکال کر خود کفالت کی طرف گامزن کیا جا سکے۔ اس شراکت داری کے تحت ٹیوٹ اداروں اور صنعتوں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائے گا تاکہ صنعت سے ہم آہنگ تربیتی پروگراموں کو متعارف کرایا جا سکے اور انٹرن شپس اور اپرنٹس شپس جیسے عملی تربیتی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ علاوہ ازیں یہ شراکت داری تربیت مکمل کرنے والے افراد کے لئے اسناد کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کرے گی تاکہ تربیت کا معیار برقرار رہے اور مہارتوں کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت ممکن ہو۔ اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی جانب سے 21 جون کو

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر "بینظیر ہنر مند پورٹل” کے اجراء کے بعد بی آئی ایس پی مستحق افراد کی رجسٹریشن، تربیت اور روزگار کے مراحل کو مزید سہل اور مؤثر بنائے گا۔دونوں اداروں نے خواتین اور کمزور طبقات کو ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے بااختیار بنانے کے اپنے مشترکہ وژن کی توثیق کی اور غربت کے خاتمے اور معاشی خود مختاری کے حصول کے لئے مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایک مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے اور تربیتی مواقع میں وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔