اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان نے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو کاروباری مہارتیں، تربیت اور کاروبار کے آغاز کے لیے سیڈ منی فراہم کرنے کے مقصد سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ اقدام بی آئی ایس پی ہنرمند پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد خواتین کے لیے بالخصوص زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں آمدنی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔اس شراکت داری کے تحت خواتین نہ صرف گرین سٹار کے وسیع انفراسٹرکچر اور ملک گیر کمیونٹی نیٹ ورکس سے استفادہ کریں گی بلکہ انہیں سیڈ منی کے ذریعے کاروباری منصوبے قائم کرنے کا بھی موقع ملے گا جس سے خواتین کو ہنر، وسائل اور عملی سہولت فراہم کر کے پائیدار معاشی سرگرمیوں کی راہ ہموار ہوگی۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل کمپلیمنٹری انیشیٹوز بی آئی ایس پی پروفیسر رومانہ گل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گرین سٹار ڈاکٹر ایس اے ریب نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکریٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ اقدام ہماری مستحق خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ بی آئی ایس پی پہلے ہی گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ نشوونما مراکز کے ذریعے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی پر کام کر رہا ہے اور یہ شراکت داری ہماری کوششوں کو مزید مضبوط کرے گی۔