ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر تھامس کونان نے صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی جس میں پنجاب میں غذائیت، زچہ و بچہ کی صحت اور بینظیر نشوونما پروگرام 3.0 کی توسیع سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
بینظیر نشوونما پروگرام ماں اور بچے کی غذائیت بہتر بنانے کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے،وزیر صحت و آبادی

مزید خبریں
لاہور۔14جولائی (اے پی پی):ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر تھامس کونان نے صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی جس میں پنجاب میں غذائیت، زچہ و بچہ کی صحت اور بینظیر نشوونما پروگرام 3.0 کی توسیع سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمارہ خان اور پروگرام پالیسی آفیسر زارا نوید بھی موجود تھیں۔ اجلاس کے دوران تھامس کونان نے صوبائی وزیر کو بینظیر نشوونما پروگرام کے معاہدے اور آئندہ مرحلے سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ اکتوبر 2026 سے پروگرام کو پنجاب کے12 اضلاع بھکر، میانوالی، خوشاب، لیہ، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، تونسہ، کوٹ ادو، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان تک توسیع دی جائے گی جہاں62 نئے سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستحق خاندانوں کا اندراج یکم اکتوبر 2026 سے شروع ہوگا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام ماں اور بچے کی غذائیت بہتر بنانے کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے اور بچوں میں نشوونما کی کمی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے غذائیت کے شعبے میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچے کی بہتر غذائیت ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق غذائیت، زچہ و بچہ کی صحت اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت و آبادی، ورلڈ فوڈ پروگرام اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے باہمی تعاون سے پروگرام کے موثر نفاذ اور سروس ڈیلیوری نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سے مستفید ہو سکیں۔







