خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے منگل کے روز حویلیاں ہاؤسنگ سکیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کھلی کچہری میں پلاٹ الاٹیز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی
صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا حویلیاں ہاؤسنگ سکیم کا دورہ، کھلی کچہری میں الاٹیز کے مسائل سنے

مزید خبریں
پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے منگل کے روز حویلیاں ہاؤسنگ سکیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کھلی کچہری میں پلاٹ الاٹیز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔محکمہ ہائوسنگ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک ایبٹ آباد و رکن صوبائی اسمبلی افتخار خان جدون، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی محمد زاہد، علاقہ معززین، پلاٹ الاٹیز، اراضی دہندگان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر حویلیاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ سال بھی اس منصوبے کا دورہ کر چکے ہیں اور حویلیاں ٹاؤن شپ میں سہولیات کی کمی کو ہر صورت دور کیا جائے گا۔ڈاکٹر امجد علی نے کھلی کچہری کے شرکاء کو بتایا کہ 219 کنال پر مشتمل حویلیاں ٹاؤن شپ کی ترقی کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 80 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹاؤن شپ میں جامع مسجد اور منی سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، جہاں والی بال، فٹسال سمیت دیگر کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ان تمام ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز تین ماہ کے اندر جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن شپ میں بجلی اور پانی کی بنیادی سہولیات پہلے سے موجود ہیں جبکہ گیس پائپ لائن کی فراہمی کے لیے محکمے کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے الاٹیز پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و خطر ٹاؤن شپ میں اپنے گھروں کی تعمیر شروع کریں اور اعلان کیا کہ جو افراد ٹاؤن شپ میں گھر تعمیر کریں گے انہیں 5 کلو واٹ کا سولر سسٹم مفت فراہم کیا جائے گا۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سکیم کے لیے زمین فراہم کرنے والے مالکان کے معاوضے میں اضافے سے متعلق عدالتی احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک ایبٹ آباد و ایم پی اے افتخار خان جدون نے کہا کہ گزشتہ سال اعلان کردہ جامع مسجد کی تعمیر پر تاحال کام شروع نہیں ہو سکا، اس کی تعمیر کا فوری آغاز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حویلیاں ٹاؤن شپ میں مقامی افراد، بالخصوص اپنی اراضی فراہم کرنے والوں کو روزگار کے مواقع دیے جائیں۔افتخار خان جدون نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیم کے لیے اراضی دینے والے مالکان کا معاوضہ بڑھانے کا مطالبہ جائز ہے اور انہیں موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے۔







