قصور۔ 06 اگست (اے پی پی):قصورکے نواح تھانہ صدر پھولنگر کے علاقہ سردار مل کے قریب پولیس مقابلہ میں بین الاضلاعی خطرناک ڈکیت گینگ کے 02 ارکان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے جبکہ ڈاکو 02 فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان قصورنے بتایا کہ زخمی ڈاکوؤں کی شناخت ظفر اقبال عرف دانی سکنہ پھولنگر اور احسن سکنہ فیصل آباد کے ناموں سے ہوئی ہے جو کہ ضلع لاہور اور قصور کے 10 تھانوں کو دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتوں سمیت دیگر درجنوں وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھے‘ ڈاکوؤں کے اس گروہ نے کچھ عرصہ قبل سی آئی اے چونیاں ٹیم پر چھانگا مانگا کے علاقہ میں دوران فائرنگ کی تھی‘ڈکیت گروہ کی فیملی کے 12 افراد سنگین وارداتوں میں ملوث نکلے جبکہ ڈاکوؤں کے 05 بھائی سنگین جرائم میں جیل میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ صدر پھونگر پولیس نے شہری گلزار کیساتھ 47 ہزار چھیننے کی اطلاع پر فوری ریسپونڈ کیا۔ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کر دی‘ ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ان کے دو ساتھی زخمی ہو گئے جن کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ2ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے‘ زخمی ڈاکوؤں کے قبضہ سے شہری سے چھینی گئی نقدی رقم، دو مقدمات میں چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو بھی شناخت کر لیا گیا ہے جن کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے‘ کچھ عرصہ قبل نتھے خالصہ کے علاقہ میں شاپ رابری کے دوران ڈاکوؤں نے شہری کو ناحق قتل کیا تھا، جس کے متعلق ڈاکوؤں سے تفتیش جاری ہے۔