ویانا ۔18مارچ (اے پی پی):ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ان کی بین الاقوامی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے ) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے ساتھ بات چیت تعمیری رہی ۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے یہ ریمارکس ایکس پر ایک پوسٹ میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں گروسی کے ساتھ اپنی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے دیے ۔
کاظم غریب آبادی نے کہاکہ ملاقات کے دوران انہوں نے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون، دو اہم مسائل کے حل، جوہری تنصیبات کی حفاظت، ایران کے جوہری مسئلے سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور پابندیوں کے خاتمے بارے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے جولائی 2015 میں عالمی طاقتوں کے ساتھ ایک جوہری معاہدے جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن (جے سی پی او اے ) پر دستخط کئے جس کے تحت پابندیاں ہٹانے کے بدلے میں اس کے جوہری پروگرام پر پابندیاں قبول کیں ،تاہم امریکا مئی 2018 میں اس معاہدے سے دستبردار ہو گیا اور پابندیاں بحال کر دی گئیں جس سے ہم اپنے کچھ جوہری وعدوں سے پیچھے ہٹے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573703