بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ڈاکٹر نبی بخش جمانی کی غائبانہ نماز جنازہ و تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

99

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی کے سابق نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش جمانی کی غائبانہ نماز جنازہ جمعرات کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے نیو کیمپس میں ادا کی گئی، ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی ریفرنس بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے ادارے کے لیے ان کی نمایاں خدمات پر روشنی ڈالی۔ صدر جامعہ ڈاکٹر محمد سرور، نائب صدور، ڈینز، فیکلٹی ممبران، ڈائریکٹر جنرلز، انتظامی افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے غائبانہ نماز جنازہ اور تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم ڈاکٹر جمانی کہ روح کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی۔

پروفیسر ڈاکٹر جمانی جن کی عمر 58 سال تھی، ہفتہ کے روز ایک سرجری کے دوران انتقال کر گئے تھے، انہیں سندھ میں ان کے آبائی گائوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی اچانک موت نے پوری جامعہ اور علمی برادری کو مغموم کر دیا ہے۔ تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے مرحوم ڈاکٹر جمانی کی شفیق شخصیت اور وژن کے بارے میں اپنی یادیں بیان کیں۔ مقررین نے ان کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یونیورسٹی کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی ترقی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کے باعث جامعہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر محمد سرور نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ایک عظیم اثاثہ سے محروم ہو گئی ہے، ڈاکٹر جمانی کی رحلت نے شعبہ تعلیم میں ایک ایسا خلا چھوڑا ہے جو شاید کبھی پُر نہ ہوسکے۔ نائب صدور اور دیگر مقررین نے ڈاکٹر جمانی کے ساتھ وابستہ یادوں پر روشنی ڈالی اور ان کے اعلیٰ اخلاق، ذہانت اور یونیورسٹی کی کامیابی کے لیے ان کی لگن کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر یونیورسٹی کے پروگراموں کو جدید بنانے میں ڈاکٹر جمانی کی کوششوں اور تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے ان کی انتھک لگن کو سراہا۔ تعزیتی ریفرنس کا اختتام ڈاکٹر جمالی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔