اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں گذشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو 2 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ترجمان …
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں گذشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں گذشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو 2 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں پرتشدد واقعہ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے، معاملہ کو درست طریقے سے حل کرنے اور جامعہ میں امن و امان کیلئے مستقبل کی پالیسی کے ضمن میں خصوصی اجلاس جمعہ کے روز فیصل مسجد کیمپس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت ریکٹر و صدر جامعہ نے کی جبکہ اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور، ڈائریکٹرز جنرل، ڈائریکٹرز، پرووسٹ ہاسٹلز، مشیران طلباء سمیت دیگر متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت داخلہ اور اس کے ماتحت سیکیورٹی اداروں کی مدد سے بہت جلد ہی جامعہ کے ہاسٹلز میں کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے گا جس میں غیر قانونی اور غیر متعلقہ عناصر کے خلاف بلاتخصیص کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں جامعہ سے تعلق نہ رکھنے والے افراد کے کیمپس میں داخلے اور ان کی وجہ سے پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر بھی بحث کی گئی جبکہ اس ضمن میں ریکٹر اور صدر جامعہ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اسے ہدایت کی کہ دو دن کے اندر واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کرے اور اس افسوسناک واقعہ کی وجوہات پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ جامعہ کے طلباء کی حفاظت اور ان کو اعلیٰ تعلیم کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، صدر جامعہ نے اس عزم کو دہرایا کہ جامعہ کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ڈاکٹر الدریویش نے اس موقع پر بروقت تعاون اور حالات کی بہتری کیلئے بہترین اقدامات پر وزارت داخلہ اور اس کے ماتحت امن و امان نافذ کرنے والے اداروں اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پسماندگان کے ساتھ رابطہ رکھا جائے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ صدر جامعہ نے جاں بحق ہونے والے طا لب علم کیلئے دعائے مغفرت کی اور زخمی طلباء کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کرائی۔ بعدازاں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے انتظامیہ اور سکیورٹی کے نفاذ سے متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور صورتحال کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔








