اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے 12ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے پرو چانسلر اور امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد سالم محمد العامری نے یونیورسٹی کانووکیشن کے دوسرے سیشن میں طالبات کو گولڈ میڈل اور ڈگریاں عطا کیں۔ کانووکیشن کےدوسرے روز مہمان خصوصی نے طالبات کو147 گولڈ میڈلز سے نوازا۔
یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن میں 26992 گریجویٹس نے ڈگریاں حاصل کیں جن میں 12817 مرد اور 14715 خواتین گریجویٹس شامل ہیں۔ 2روزہ کانووکیشن میں یونیورسٹی نے 739 طلباء و طالبات کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں عطا کیں جبکہ مجموعی طور پر 484 طلباء کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے پرو چانسلر ڈاکٹر محمد بن سالم نے گریجویٹس کو مبارکباد دی۔
انہوں نے صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال کی قیادت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عصری تقاضوں اور اسلامی اقدار کی روشنی میں جامعہ نوجوانوں کی بہترین پرورشِ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر ثمینہ ملک نے کہا کہ یونیورسٹی ہذا میں سو سے زائد پیشہ وارانہ شعبہ جات میں تعلیم فراہم کی جارہی ہے جس کی بدولت اس یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہوچکا ہے ۔انہوں نے ہمیشہ تعاون کرنے پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ھذال حمود العقیبی نے 26 ۔ 2022 سٹریٹجک پلان پر روشنی ڈالتے ہوئے بتا یا کہ اس پلان کی روشنی میں ہم نے یونیورسٹی میں تدریسی عمل کو جدید بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی حکومت کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے اخراجات کو معقول بنانے میں ہماری مدد کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کو الیکٹرانک نظام پر منتقل کرنے کے لئے کیمپس مینجمنٹ پراجیکٹ پر کام مکمل ہوگیا ہے اس کے ساتھ ساتھ کوالٹی ڈیپارٹمنٹ کو کوالٹی اینڈ ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔آخر میں نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر عبدالرحمن نے جامعہ کی اعلیٰ قیادت، اساتذہ ، افسران ،ملازمین، طلبا و طالبات اور آرگنائزر ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔