بین الاقوامی برادری اور عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے 9 ارب ڈالر سے زائد کا وعدہ کیا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے 9 ارب ڈالر سے زائد رقم دینے کا وعدہ کیا ہے، توقع ہے کہ اب اس عمل میں تیزی لائی جائے گی۔ منگل کو ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے جنیوا میں پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کو پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا کیونکہ اس میں توقعات سے زیادہ وعدے کئے گئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مالی معاونت سے وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت، زراعت کی بہتری اور غربت کے خاتمے کے لئے کام شروع کرسکیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 9 ارب ڈالر سے زائد کے وعدے کرنے پر تمام ممالک اور اداروں کے شکر گزار ہیں، اس ضمن میں انہوں نے خاص طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، چین، امریکہ، یورپی یونین، فرانس کے صدر میکرون اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سمیت تمام دوست اور دیگر کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے توقعات سے بڑھ گئی ہیں، عالمی برادری نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے ساتھ یکجہتی کے لیے متحد ہو کر بحالی اور امداد کے لیے 9 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ہم انتونیو گٹیرس کی قیادت کے خاص طور پر شکر گزار ہیں۔