بین الاقوامی برادری موسمیاتی تبدیلی کے واضح چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے وعدوں کو عملی شکل دے،وزیر اعظم شہباز شریف

140

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو ایک مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے واضح چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے وعدوں کو عملی شکل دی جائے ۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے کاپ-27 میں اعلیٰ سطح پر پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی ملک کو کس طرح نقصان پہنچا سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے عالمی رہنماؤں کی توجہ بڑے پیمانے پر مالیاتی خلا کو پورا کرنے، ضیاع اور نقصان کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی ضرورت کی طرف مبذول کرائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے واضح چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اپنے وعدوں کو عملی شکل دینے کے لئے تیار ہو۔ یہ صورتحال موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کے خلاف صلاحیتوں، مالیات اور ٹیکنالوجی کی سمت میں تبدیلی کا تقاضا کرتی ہے۔