کراچی۔ 19 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تعلیمی شراکتیں سندھ اور پاکستان کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کراچی کے نجی ہوٹل میں دو روزہ ملائیشین ایجوکیشنل ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ایکسپو میں ملائیشیا کے قونصل جنرل حرمن ہارڈیناتا بن احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر دونوں مہمانوں نے تعلیم کے فروغ کیلئے اس طرح کی سرگرمیوں کو سراہا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا،ایکسپو میں ملائیشیا کی 11معروف جامعات کی نمائندگی موجود تھی ہر یونیورسٹی نے اپنا اسٹال قائم کیا، جہاں ان کے نمائندوں نے طلبہ کو مختلف تعلیمی شعبہ جات، اسکالرشپس، داخلے کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار اور ملائیشیا میں طالبعلموں کی زندگی سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس وقت 2417پاکستانی طلبہ ملائیشیا کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستانی طلبہ ملائیشیا کے تعلیمی نظام پر اعتماد کرتے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ سرکاری جامعات میں بھی اسی طرز پر بین الاقوامی ایجوکیشنل ایکسپو کا انعقاد کرے گی تاکہ طلبہ کو عالمی تعلیمی مواقع سے روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی سرگرمیاں ہمارے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کیلئے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دورہ ملائیشیا کے دوران وہاں کے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کا دورہ کریں گے تاکہ ان کے کامیاب تعلیمی ماڈلز کو جانچ سکیں اور سندھ کے تعلیمی اداروں میں نافذ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان ممالک سے سیکھنا ہوگا جنہوں نے تعلیم کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے،ملائیشیا کا محفوظ اور شمولیتی تعلیمی ماحول پاکستانی طالبات کو بہت متاثر کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اسے اپنی تعلیم کیلئے اولین ترجیح بنا رہے ہیں۔
اس تعلیمی میلے میں بڑی تعداد میں طلبہ، والدین، تعلیمی مشیروں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی، جنہوں نے ملائیشیا کی جامعات میں داخلے، وظائف اور دیگر تعلیمی پروگراموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔