بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے خلاف اے این ایف کی کارروائی، منشیات کی انٹرنیشنل اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

230
منشیات

راولپنڈی۔29نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے خلاف اے این ایف نے بڑی کارروائی کے دوران منشیات کی انٹرنیشنل اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق گروہ کے ارکان معاشی مشکلات سے دوچار افراد کو منشیات کی بیرون ملک سمگل کرنے کے لئے استعمال کرتے تھے۔ گروہ ان افراد سے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کو منشیات کی اسمگلنگ کرواتا تھا۔ترجمان کے مطابق جون 2021 سے اگست 2023 تک اے این ایف نے ہوائی اڈوں پر 18 آپریشن کیے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں گینگ سے منسلک 19 سمگلرز کو گرفتار کیا گیا۔ 18 نومبر 2023 کو گروہ کے 2 اہم ارکان عبدالقیوم خان اور حسین خان کو منشیات سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان نے منشیات کی اسمگلنگ میں براہ راست ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ 19 نومبر 2023 کو، گینگ کے تیسرے رکن قاری عنایت کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔مذکورہ کارروائیاں معاشی مسائل سے دوچار افراد کے ممکنہ استحصال کی روک تھام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کے بین الاقوامی گروہ کی سرغنہ سمیت گرفتاری، اے این ایف کے منشیات سے پاک مستقبل کے عزم کا اظہار ہے۔