بیگم نصرت بھٹو صرف سیاسی رہنما نہیں تھیں بلکہ وہ ایک عہد، ایک نظریہ تھیں، ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی سیکرٹری و رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے مرحومہ بیگم نصرت بھٹو کے یومِ وفات پر اپنے گہرے جذباتِ عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھیں بلکہ وہ ایک عہد، ایک نظریہ اور عورت کی باوقار جدوجہد کی زندہ تفسیر تھیں، انہوں نے جس حوصلے …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی سیکرٹری و رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے مرحومہ بیگم نصرت بھٹو کے یومِ وفات پر اپنے گہرے جذباتِ عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھیں بلکہ وہ ایک عہد، ایک نظریہ اور عورت کی باوقار جدوجہد کی زندہ تفسیر تھیں، انہوں نے جس حوصلے اور صبر کے ساتھ غیر جمہوری طاقتوں کا مقابلہ کیا وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لئے جمہوری استقامت کا استعارہ ہے۔ ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ظلم و جبر کے اندھیروں میں جمہوریت کے چراغ روشن کئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت نے پاکستانی عورت کو یہ حوصلہ دیا کہ وہ محض تماشائی نہیں بلکہ تبدیلی کی بنیاد بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد، قربانی اور قیادت پاکستان کی سیاسی تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جس سے آج بھی رہنمائی لی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے مزید کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے دکھایا کہ عورت کمزور نہیں، اگر اس کے اندر ایمان، علم اور عزم ہو تو وہ پوری قوم کا حوصلہ بن جاتی ہے، وہ ماں بھی تھیں، رہنما بھی اور قوم کی بیٹی بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے اپنی زندگی کے ہر دکھ کو عوامی جدوجہد کی طاقت میں بدل دیا۔ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے کہا کہ ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی اراکین اور تمام سیاسی جماعتوں کی خواتین بیگم نصرت بھٹو کی فکر کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے عورت کے وقار، مساوات اور سیاسی شمولیت کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم صرف اُنہیں یاد نہیں کرتے بلکہ یہ عہدِ تجدید کرتے ہیں کہ بیگم نصرت بھٹو کا خواب ایک جمہوری، باوقار اور مساوات پر مبنی پاکستان ہے اور ہی ہمارا نصبُ العین ہے۔

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے اللہ تعالی سے بیگم نصرت بھٹو کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی زندگی پاکستان کی بیٹیوں کے لئے ایک ابدی رہنمائی ہے جو ظلمت میں روشنی بن کر چمکتی رہے گی۔