پشاور۔ 31 جنوری (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ ملک میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے 10 ملین لوگوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کےلیے ہنر مند پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔
جمعہ کو جی ٹی وی سی گلبرگ، نمک منڈی اور جیمز اینڈ جیولری سینٹر اور جی ٹی وی سی حیات آباد کا دورہ کرنے اور بی آئی ایس پی کے مستحقین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروگرام سے استفادہ کرنے والے تقریباً 10 ملین لوگوں کو مالیاتی طور پر بااختیار بنانا موجودہ منتخب حکومت کی اولین ترجیح ہے، بینظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے ان مستحقین کے بچوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ضروری تکنیکی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان مستحق قابل نوجوانوں اور بچوں کو ایسی تعلیم دی جائے گی جس سے وہ نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے وہ غیر ملکی مارکیٹ میں باعزت ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل ہو جائیں گے، وہ اپنے اور ملک کےلیے بھی قیمتی زرمبادلہ کما سکیں گے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پروگرام ہے جس کا آغاز شہید بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق شفاف تقسیم کے طریقہ کار کے ذریعے لاکھوں غریب اور پسماندہ افراد کو فائدہ پہنچانے کےلیے کیا گیا۔
انہوں نے بچوں کو تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت دینے میں اساتذہ کے کردار کی تعریف کی اور بینظیر ہنر مند پروگرام کی کامیابی کےلیے ان کے تعاون کےلیے امید کا اظہار کیا۔انہوں نے مستحقین سے ملاقات کی ، ان کی مشکلات کے بارے میں دریافت کیااور ان کے مسائل کے حل کےلیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔